دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک/میڈیا 92نیوز)دبئی میں قیمتی ہیروں سے سجایا گیا دنیا کا مہنگا ترین ’برائیڈل کیک‘ نمائش کے لیے پیش کردیا گیا۔
حال ہی میں منعقد ہونے والے دبئی برائیڈل شو میں دنیا کے مہنگے ترین کیک کی نمائش کی گئی جسے لندن کے ایک ڈیزائنر ڈیبی ونگھم نے تیار کیا تھا۔
کیک کی سجاوٹ نایاب قیمتی ہیروں، نگینوں، چاکلیٹ اور کریم سے کی گئی ہے، جس کے بعد یہ دنیا کا مہنگا ترین کیک بن گیا۔
اس کیک کی سجاوٹ میں استعمال کیے گئے 5 سفید ہیروں کی قیمت تقریباً 2 لاکھ ہے اور کیک کا وزن 120 کلوگرام ہے۔
نمائش میں جہاں دلکش عروسی ملبوسات، جھل مل کرتی جیولری اور ہیلز وغیرہ پیش کی گئی تھیں، وہیں سب کی توجہ مہنگے ترین برائیڈل کیک نے اپنی جانب مبذول کروالی۔
ایک ملین ڈالر کی مالیت سے تیار کیے گئے اس ’برائیڈل کیک‘ کو دلہن کی شکل میں ڈھالا گیا۔
یہ کیک ڈیزائنر نے اتنی مہارت سے بنایا کہ لوگ پہلی جھلک دیکھ کر سمجھے کہ کوئی دلہن کھڑی ہے۔
ڈیزائنر ڈیبی ونگھم اس سے قبل بھی کافی انوکھے کیک تیار کر چکے ہیں اور ان کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ اپنی مہارت سے ہمیشہ کچھ مختلف کر کے دکھائیں۔