شوبز

سید نور نے اداکارہ صائمہ سے علیحدگی کی تردید کردی

لاہور(شوبزرپورٹر/میڈیا 92نیوز) نامور فلمساز سید نور نے اپنی اہلیہ اور اداکارہ صائمہ سے علیحدگی کی تردید کردی۔

گزشتہ چند روز سے میڈیا پر فلمسازسید نور اور اداکارہ صائمہ کے درمیان علیحدگی کی خبروں نے ہلچل مچادی تھی، کہا جارہا تھا کہ گھریلو ناچاقی اور جھگڑوں کے باعث دونوں نے اپنی راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے تاہم سید نور نے صائمہ سے علیحدگی کی خبروں کی تردید کردی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سید نور کا کہنا تھا کہ ایسی جھوٹی اور بے بنیاد خبروں سے دلی تکلیف ہوئی، میں اپنی اہلیہ صائمہ سے علیحدگی کے متعلق سوچ بھی نہیں سکتا ہم مرتے دم تک ایک ساتھ رہیں گے۔

سید نور نے طلاق کی جھوٹی خبر دینے پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس چینل نے خبر دی وہ اس خبر کی تردید کرےاور اگر چینل کی جانب سے تردید نہ کی گئی تو وہ اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔

واضح رہے کہ 2007 میں سید نور نے اداکارہ صائمہ سے شادی کی تھی جب کہ سید نور کی یہ دوسری شادی تھی، ان کی پہلی شادی 1984 میں رخسانہ نور سے ہوئی تھی تاہم رخسانہ گزشتہ برس 58 سال کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں، سید نور کی پہلی پیوی سے ان کے 4 بچے ہیں جن میں 3 بیٹیاں اورایک بیٹا شامل ہے۔

Back to top button