کراچی(کرائم رپورٹر/میڈیا 92نیوز)کراچی کے علاقے منگھوپیر میں غیرت کے نام پر شوہر کو قتل اور بیوی کو زخمی کرنے والے ملزم کوگرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق گذشتہ روز منگھوپیر میں فائرنگ سے روزی خان نامی شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ زینب زخمی ہے۔
پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کیا جس پرقتل میں ملوث مرکزی ملزم عبدالغنی کو گرفتار کر لیا۔ گرفتارملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ اس نے اپنے کزن مشتاق کے ساتھ مل کرگھر کے دروازے پر دستک دی اور دروازہ کھلتے ہی گھر میں داخل ہوگیا۔
ملزم نے بتایا کہ اس کے پاس پستول اور مشتاق کے پاس چاقو تھا، اس نے روزی خان پر فائر کیاجو اس کے سر میں لگا، دوسری گولی چل نہ سکی تو پھپھو پر چاقوں سے وار کیا۔
ملزم نے مزید بتایا کہ وہ اور اس کا ساتھی واردات کے بعد نادرن بائی پاس کی طرف فرار ہوگئے۔ واردات کے دوران عبدالغنی زخمی ہوگیا تھا جس کے باعث اس کا ساتھی مشتاق اسے معمار کے پولیس تھانے چھوڑ کر فرار ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے ساتھی مشتاق کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
مقتول روزی خان نے14 ماہ قبل زینب سے پسند کی شادی کی تھی،روزی خان اورزینب کوئٹہ سے بھاگ کر کراچی آگئے تھے۔
ایس ایس پی ویسٹ عمر شاہد حامد کے مطابق روزی خان اور زینب نے گزشتہ سال شادی کی تھی، ابتدائی تحقیقات میں واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ لگتا ہے۔