ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک/میڈیا 92نیوز) بھارت کے خلاف چوتھے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقی سپنر عمران طاہر کو بھارتی تماشائی کی جانب سے نسل پرستانہ جملوں کا نشانہ بنایا گیا۔
نجی ٹی وی ڈان نیوز کے مطابق جوہانسبرگ میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے ون ڈے میچ میں ایک تماشائی نے لیگ سپنر عمران طاہر کو نسل پرستانہ جملہ کسا جس پر انہوں نے سیکیورٹی حکام کو صورتحال سے آگاہ کیا
جنہوں نے تماشائی کو سٹیڈیم سے باہر نکال دیا جبکہ جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ نے صورتحال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جوہانسبرگ میں بھارت کے خلاف چوتھے ون ڈے میچ کے دوران ایک نامعلوم فرد نے عمران طاہر کو نسل پرستانہ جملوں کا نشانہ بنایا جس کے بعد انہوں نے 2 سیکیورٹی اہلکاروں کی مدد سے مذکورہ شخص کی نشاندہی کی جنہوں نے اس شخص کو سٹیڈیم سے باہر نکال دیا۔دوسری جانب بورڈ نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ عمران طاہر نے مذکورہ شخص یا کسی بھی بچے سے کوئی بدتمیزی نہیں کی۔
کرکٹ جنوبی افریقہ اور سٹیڈیم کی سیکیورٹی ٹیم کی جانب سے معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہے۔آئی سی سی کے قوانین کے تحت نسل پرستانہ جملے ادا کرنے والے شائقین کو میدان سے باہر نکال دیا جاتا ہے اور اس فرد کو مزید تحقیقات کے نتیجے میں سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اس شرمناک واقعے کی ویڈیو میں منظر عام پر آچکی ہے جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور شائقین کرکٹ کی جانب سے اس شخص کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہاہے ۔واضح رہے کہ عمران طاہر چوتھے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقی ٹیم کا حصہ نہیں تھے اور جس وقت انہیں نسل پرستانہ جملوں نشانہ بنایا گیا اس وقت وہ 12ویں کھلاڑی کی حیثیت سے میدان میں خدمات انجام دے رہے تھے۔