لاہور(میڈیا 92نیوز)پنجاب ریونیو اتھارٹی نے ڈیفنس، جوہر ٹاؤن اور گلبرگ میں کمرشل عمارتوں کی ٹیکس سکروٹنی شروع کر دی، پی آر اے نے ایل ڈی اے اور ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی سے 100 نئی کمرشل عمارتوں کا ریکارڈ طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب ریونیو اتھارٹی نے ڈی ایچ اے، جوہر ٹاؤن اور گلبرگ میں کمرشل عمارتوں کی ٹیکس سکروٹنی کا عمل شروع کر دیا ہے۔ پی آر اے نے ڈی ایچ اے اور ایل ڈی اے سے نئی تعمیر ہونے والی تمام کمرشل عمارتوں کا ریکارڈ طلب کر لیا۔ ممبر پی آر اے جاوید احمد کی ہدایت پر انفورسمنٹ آفیسر حسیب مرزا نے ابتدائی طور پر 100 سے زائد کمرشل عمارتوں کے ٹیکس معاملات کی چھان بین شروع کی ہے۔
پی آر اے حکام کے مطابق کنسٹرکشن سروسز دینے والی تعمیراتی کمپنیوں اور ٹھیکیداروں کے ٹیکس معاملات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ کمرشل عمارتوں کو تعمیراتی سروسز دینے والی کمپنیوں پر پانچ فیصد کے حساب سے سیلز ٹیکس عائد ہوتا ہے۔
پی آراے حکام کا کہنا ہےکہ ٹیکس ادائیگی نہ کرنے والی تعمیراتی کمپنیوں کو جرمانے کر کے ٹیکس وصولی کی جائے گی۔