تازہ ترینلاھور نامہ

ن لیگ کوبڑا دھچکا، سینٹ الیکشن کیلئے اسحاق ڈار کے کاغذات نامزدگی مسترد، ٹربیونل جانے کا اعلان

لاہور(ارحم ندیم/میڈیا92نیوز)مسلم لیگ ن کو ایک اور دھچکا، سینٹ الیکشن کے لئے سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے۔ نواز لیگ ن لیگ نے فیصلے کے خلاف الیکشن ٹربیونل جانے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار چودھری محمد سرور کے وکیل انیس علی ہاشمی کی جانب سے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات لگائے گئے تھے کہ اسحاق ڈار کو نیب 11 دسمبر 2017کو اشتہاری قرار دے چکا ہے۔ انکے کاغذات پر دستخط بھی جعلی قرار دیے گئے ہیں۔ اسحاق ڈار نے 2 سیٹوں پر کاغذات ایک ہی بینک اکاؤنٹس پر جمع کرائے ہیں جبکہ بینک اکاونٹ بھی جعلی دستخطوں کے ساتھ کھلوایا گیا ہے۔

اسحاق ڈار کے وکیل نے تمام اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسحاق ڈار کے اشتہاری قرار دینے کا جو اعتراض اٹھایا جارہا ہے آئین اور الیکشن رولز کے مطابق وہ شق اب لاگو نہیں ہوتی، اٹھارہویں ترمیم کے بعد اسے ختم کردیا گیا تھا۔ صوبائی الیکشن کمیشن شریف اللہ نے تحریک انصاف کے وکیل انیس علی ہاشمی کو ہدایت کی کہ وہ الزامات لگانے والی دستاویزات پیش کریں۔

دونوں فریقین کو الیکشن کمیشن کی جانب سے 3 گھنٹے کی مہلت دی گئی تھی۔ مہلت ختم ہونے کے بعد دونوں وکلاء کے درمیان الیکشن کمیشن کے سامنے تلخ کلامی بھی ہوئی۔ الیکشن کمیشن نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ اسحاق ڈار کے جعلی دستخطوں سے بینک اکاؤنٹ کھلوایا گیا اس لیے وہ سینٹ الیکشن لڑنے کے اہل نہیں ہوسکتے۔

علاوہ ازیں اسحاق ڈار کے وکلاء نصیر بھٹہ اور محمد ہارون نے فیصلے کے خلاف الیکشن ٹربیونل جانے کا اعلان کردیا۔ انکا کہنا تھا کہ انکے پاس تمام مصدقہ کاغذات موجود ہیں۔ فیصلےکے خلاف اپیلٹ ٹربیونل میں اپیل کریں گے۔

Back to top button