پاکستانتازہ ترین

9 سینیٹرز منتخب کرا نے میں کامیابی حاصل کرلیں گے،وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ(بیورو رپورٹ/میڈیا92نیوز)وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈ نگ کا امکان نہیں ہے،ہمارے حمایت یافتہ امیدوار آزاد حیثیت سے سینیٹ انتخاب لڑ رہے ہیں، 8 سے 9 سینیٹرز منتخب کرا نے میں کامیابی حاصل کر لیں گے۔

وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو الیکشن کمیشن کے دفتر میں آزاد امیدوار شمع پروین مگسی کی تجویز کنندہ کی حیثیت سے پیش ہونے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں 41اراکین کی حمایت حاصل ہے،ہم 8سے 9 سینیٹرز منتخب کرا نے میں کامیابی حاصل کر لیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے گروپ میں ہم خیال لوگ شامل ہیں،ہم سب کا باہمی مشاورتی فیصلہ ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ انتخابات کے حوالے سے جمعیت علمائے اسلام سمیت سب سے رابطہ کیا جائےگا ۔امید ہے اچھے نتائج ملیں گے۔

عبدالقدوس بزنجو نے کہاکہ حکومت عوامی فلاح و بہبود کے کام کر رہی ہے،میڈیا کسی بھی خبر کو تصدیق کے بعد چلائے ۔

وزیر اعلیٰ کے ہمراہ موجود وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ میڈیا کے چند نمائندے ہارس ٹریڈنگ کے الزامات لگارہے ہیں وہ ایسے خبروں کی تردید کرتے ہیں کوئی ممبر پیسہ نہیں لے رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ان کا وزیر اعلیٰ بلوچستان سے کوئی اختلاف نہیں ہے۔ وہ ان کے ساتھ ہیں اور ان کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔

Back to top button