دلچسپ و عجیب

شارجہ ائیر پورٹ پر بھارتی نوجوان نے کیا کہتے ہوئے دوڑ لگا دی حکام نے گرفتار کر لیا

شارجہ (مانیٹرنگ ڈیسک/میڈیا 92نیوز) منگیتر سے ملنے کی لگن میں بھارتی نوجوان نے شارجہ ائیرپورٹ پر دوڑ لگادی،اماراتی اخبار کے مطابق بھارت سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ انجینئر آنکھ بچا کر شارجہ ائر پورٹ رن وے سے آ دھمکا جہاں سے وہ ایک مسافر جہاز میں سوار ہونا چاہتا تھا۔جہاز پر سامان لادنے والے عملے کے ایک رکن نے بھارتی شہری کو چوری چھپے جہاز میں داخل ہونے دیکھا لیا، جس کے بعدعاشق نامراد کو سیکیورٹی حکام نے دھر لیا۔بغیر سفری دستاویزات جہاز پر سوار ہونے کی ناکام کوشش کرنے والے بھارتی شہری نے اخبار کو بتایا کہ اس نے جو کچھ کیا اظہار محبت کے سوا کچھ نہیں۔اخبار نے بھارتی عاشق سے منسوب بیان میں کہا کہ میں ایک آزاد منش انسان ہوں اور اپنی زندگی جینا چاہتا ہوں۔ میں نے یہ سب وطن واپس جا کر اپنی منگیتر سے ملاقات کی خاطر کیا ہے، چاہے مجھے اس کے لئے کوئی بھی قیمت ادا کرنی پڑے۔عدالتی کارروائی کے دوران معلوم ہوا کہ بھارتی انجینئر کا پاسپورٹ اس کے کفیل کے پاس تھا۔ کفیل بھی عاشق نامراد کا رشتہ دار بتایا جاتا ہے، اسی لئے گرفتار ہونے والے شخص نے ہوائی ٹکٹ نہیں خریدا تھا۔تعلیم یافتہ بھارتی نوجوان نے اپنی حرکت پر کسی ندامت کا اظہار کیے بغیر کہا کہ مجھے اپنے کئے پر کوئی پشیمانی نہیں کیونکہ میں اپنی منگیتر کے بغیر نہیں رہ سکتا۔ اس نے بتایا کہ اسے اپنی مستقبل کی دلہن کے حوالے سے اپنے والدین کی رضا مندی حاصل کرنا باقی ہے۔

Back to top button