کراچی(سٹاف رپورٹر/میڈیا92نیوز)فاروق ستار بہادر آباد آئے نہ ان سے ملے جو گھر چل کر آئے، بہادر آباد میں 18 گھنٹےانتظار کے بعد عامر خان کی سربراہی میں رابطہ کمیٹی کا وفد پی آئی بی آیا مگر ناکام لوٹ گیا۔پریس کانفرنس کے لیےصبح 4 بجے تک جاگنے والے فاروق ستار رات 10 بجے گہری نیند میں چلے گئے۔ جاگنے کے بعد بولے آج بہادر آباد میں اجلاس ہوگا، کسی سے ناراضگی نہیں۔
عامر خان کی قیادت میں رابطہ کمیٹی کا وفد پی آئی بی کالونی میں فاروق ستار کی رہائش گاہ پہنچا، خیال تھا کہ وفد فاروق بھائی کو رام کرکے ووٹرز اور سپورٹرز میں پایا جانے والا اضطراب دُور کیا جائے گا، مگر ایک گھنٹہ انتظار کے باوجود کوئی امید بر نہیں آئی۔
اس موقع پر فاروق ستار نے وضاحت کی کہ وہ کسی سے ناراض نہیں، نہ ہی ملنے سے انکار کیا۔ سو کر اٹھا اور فریش ہو کر آیا تو وفد کے اراکین جا چکے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سینیٹ الیکشن میں دونوں فریقین نے الگ الگ کاغذات نامزدگی جمع کرائے،فیصل سبزواری کے آنسو پونچھنے اور گلے لگانے کے باوجود اختلاف کی جڑ اپنی جگہ برقرار ہے اور فاروق ستار کی فہرست میں کامران ٹیسوری اب بھی موجود ہیں۔