اسلام آباد(سٹاف رپورٹر/میڈیا92نیوز)چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ کرپشن کےخلاف کارروائی جمہوریت کے خلاف کارروائی نہیں، ان کا کبھی کسی سیاسی جماعت سےتعلق نہیں رہا، میرٹ پر کسی کے خلاف کیس بنتا ہے تو وہ درگزر نہیں کریں گے۔
چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے نیب آفس لاہورمیں متاثرین میں رقم تقسیم کرنےکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ جب تک اس عہدے پر ہیں، پوری دیانتداری سے کرپشن کے خاتمے کی کوشش کرتے رہیں گے۔
جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ غلط احکامات دینے اور عمل کرنے والے سن لیں، وہ کسی کو معاف نہیں کریں گے، نجی ہاؤسنگ سوسائٹیاں بنا کر عوام کو لوٹنے والوں کیلئے بھی کوئی معافی نہیں ہے۔
چیئرمین نیب نے کہا کہ پنجاب سب سے بڑا صوبہ ہے، وہ کسی کو نظرانداز نہیں کر رہے، تمام صوبوں پر یکساں توجہ دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لو گ بھی لالچ سے باز رہیں، وہ لالچ کے باعث لٹیروں کے جھانسے میں آ جاتے ہیں۔