پاکستان

رابطہ کمیٹی آج سینیٹ کے نام جمع کرانے جائے گی، فیصل سبزواری

کراچی (بیورو رپورٹ/میڈیا92نیوز)ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری کا کہناہے کہ آج ایم کیو ایم پاکستان رابطہ کمیٹی کی رائے شماری کے تحت سینیٹ کے لیے نام جمع کرانے جارہی ہے۔

یہ بات فیصل سبزواری نے ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز بہادرآبادمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی اور ساتھ یہ بھی کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان رائے فروخت یا بکاؤ مال نہیں، ہم نے پچھلے 4 روز میں ایک فیصلہ کیااور ہم تقسیم کے ایجنڈے کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔

ان میں فروغ نسیم، نسرین جلیل، امین الحق، شبیر احمد قائم خانی، کشور زہرہ ، عبدالخالق خانزادہ ، سنجے پروانی کے کاغذات آج جمع کرائیں گے اور یہ کسی فرد نہیں بلکہ رابطہ کمیٹی کا فیصلہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے آئین میں ہے کہ رابطہ کمیٹی سادہ اکثریت سے اپنے فیصلے کر سکتی ہے اور ہم نہایت بھاری دل کے ساتھ یہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے جارہے ہیں کیونکہ بہت تاخیر ہوچکی ہےاور ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کی دو تہائی اکثریت نے یہ نام تجویز کیے ہیں۔

فیصل سبزواری نےیہ بھی کہا کہ ایم کیو ایم میں پچھلے ایک برس سے عہدے اور عوامی نمائندگی اور فیتے کاٹنے کی بھوک پروان چڑھائی گئی اور ہمیں مسئلہ سینیٹ کی نشستوں کی بندربانٹ پر تقسیم سے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم حرص و ہوس اور نوٹوں کی سیاست کو مسترد کرتے ہیں،سینیٹ کی سیٹ کے لیے لوگ پچیس پچیس کروڑ روپے لے کر بیٹھے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہمارے پاس اس تنظیم کے ہر فیصلے کا مکمل اختیار موجود ہے،ایم کیو ایم پاکستان پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دینگےجبکہ بہادر آباد میں کوئی گروپ نہیں خود ایم کیو ایم پاکستان موجود ہے ۔

رہنما ایم کیو ایم پاکستان کا مزید کہناتھا کہ امید ہےاس پریس کانفرنس سے کارکنوں کو صحیح اور غلط کی تمیز کرنے میں آسانی ہوگی،سب کو معلوم ہے یہ افسوسناک صورتحال کیوں کر پیدا ہوئی،یہ مسلم لیگ کا کوئی دھڑا نہیں،یہ کارکنان کی جماعت ہےاور بدقسمتی سے کارکنان کی جماعت پر اندرون خانہ پے در پے عذاب مسلط کیے گئے۔

Back to top button