پشاور(بیورو رپورٹ/میڈیا92نیوز)ڈی این اے رپورٹ ملنے کےبعد آئی جی خیبر پختونخوا صلاح الدین محسود نے مردان میں قتل کی گئی اسماء کا کیس حل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2 ملزمان کو گرفتار کرکے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
پشاور میں میڈیا کو بریفنگ کے دوران انسپکٹر جنرل خیبرپختونخوا پولیس صلاح الدین محسود نے کہا کہ مشکلات کے باوجود 4 سالہ اسما قتل کیس 25 روز میں حل کرلیا۔
ان کا کہنا تھا کہ معصوم اسماء جیسے کیس میں پولیس کو معاشرے کی سپورٹ کی ضرورت ہوتی ہے، کیس حل کرنے میں تعاون اور اعتماد پر ہم اسماء کے اہل خانہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔
آئی جی خیبر پختونخوا نے بتایا کہ پوری دنیا میں تفتیش مکمل ہونے کے بعد کیس کی تفصیل بتائی جاتی ہے، حساس مقدمات میں پولیس تیز کام کرنے کی کوشش کرتی ہے اور اسماء کے کیس میں بھی گوجر گڑھی کے عمائدین پر مشتمل کمیٹی بنائی تاکہ شفاف تحقیقات کی جاسکے۔
صلاح الدین محسود نے بتایا کہ کوہاٹ میں عاصمہ رانی قتل کیس میں بھی لڑکی کے اہل خانہ نے ہم پر اعتماد کیا، عاصمہ کے کیس میںبھی 2 ملزمان گرفتار ہیں، جبکہ آلہ قتل اور جس گاڑی سے ملزم اسلام آباد گیا وہ بھی برآمد کرلی ہے۔
صلاح الدین محسود کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس ایک صوبے کی نہیں بلکہ پورے ملک کی پولیس ہے جو دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن پر ہے۔