لاھور نامہ

پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی گھر پر سہولیات فراہم کرنے کیلئے جلد موبائل سروس شروع کریگی

لاہور(بشکریہ: نواز سنگرا/نمائندہ میڈیا92نیوز) پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی گھر پر سہولیات فراہم کرنے کیلئے جلد موبائل سروس شروع کریگی جس سے زمین کی ٹرانسفر کیلئے معذور افراد کے گھروں پر بیان ریکارڈ کیے جاسکیں گے۔ ضمانت کروانے اوردیگر ضروریات کیلئے عوام صوبے میں نادرا کے 3700کیاسک سنٹروں سے بھی فرد ملکیت لے سکیں گے۔ رواں سال کے دوران اربن لینڈ اورسرکاری زمینوں کی بھی کمپیوٹرائزیشن مکمل کرلیںگے۔ سرکاری زمینوں سے قبضہ ختم کرائیںگے۔ کرپشن کے خلاف زبر وٹالرنس پالیسی ہے۔ جیسے ہی حکومت کی طرف سے پالیسی آئیگی اتھارٹی کے تمام ملازمین کو مستقل کردیا جائے گا۔28فروری کو ہر تحصیل کی سطح پر آٹو میٹک کمپلینٹ سسٹم فعال ہوجائے گا۔ جس کے لئے اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ضلعی وائس چیئرمین، میونسپل کمیٹی کا وائس چیئرمین اور ایریگیشن کا ایس ڈی او بھی کمیٹی کاممبر ہوگا۔ لوگ اپنی شکایت کا سٹینس اور فیڈ بیک بھی لے سکیں گے۔ اس کیلئے یونیورسل ایکسس نمبر042111222277ہفتے کے سات روز 24گھنٹے کام کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کیپٹن (ر) ظفر اقبال نے میڈیا 92ویب چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے ویژن کے مطابق لوگوں کی زندگیوں میں زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کررہی ہیں۔ گزشتہ سال کے دوران40لاکھ لوگوں کی خدمات دی ہیں اور ساڑھے5کروڑ پاکستانیوں کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کیاجاچکا ہے ۔صوبے کی 143تحصیلوں میں سہولیات دے رہے ہیں۔ رش والی13تحصیلوں میں مزید سہولت سنٹر کھولے ہیں جو15فروری تک 63ہوجائیں گے۔ صوبے کے تمام بینکوں کو زمینوں کے ریکارڈ تک رسائی دی جارہی ہے تاکہ لوگ بینکوں میں شناختی کارڈ دکھا کر قرضہ لے سکیں۔ اس سے کاروباری سرگرمیاں بھی بڑھیں گی۔ اربن لینڈز میں محکمہ ریونیو، محکمہ ایکسائز، کنٹونمنٹ بورڈز، ڈیفنس جیسے علاقوں میں ہر ایک کے ادارے کے پاس اپنا اپنا ریکارڈ ہے۔ شہری علاقوں کی زمین کی کمپیوٹرائزیشن پر کام شروع ہوچکا ہے جو اسی سال مکمل ہوجائے گا ۔ باردانہ کے اجرا کیلئے اورقدرتی آفات میں لوگوں کو فوری ریلیف دینے کیلئے پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی موقع پرخدمات سرانجام دے گی۔ ایک سال کے اندر رجسٹریاں بھی کورئیر کے ذریعے لوگوں کے گھروں پربھجوائیں گے۔35اضلا ع کا ڈیٹا سنٹر لائزڈ کیا جاچکا ہے باقی ایک ضلع کا بھی اسی ماہ میں کردیا جائے گا۔کرپشن پر گزشتہ سال507ملازموں کوبرطرف کیا آئندہ بھی ثبوت ملا تو برداشت نہیں کروں گا۔ عوام کرپشن کے خاتمے کیلئے میرا ساتھ دیں سرکاری فیس کے علاوہ کوئی ایک پیسہ بھی مانگے تو فوراً شکایت درج کرائی جائے۔

Back to top button