ٹرین کا انتظار کرتے کرتت جب مسافر اکتا گیا اور کسی دوسری سواری کے لئے اسٹیشن سے باہر جانے لگا تو سٹیشن ماسٹر اسکے پاس آگیا’’ کہاں جارہے ہیں آپ‘‘
’’ ٹرین تو آنے سے رہی، میں دوسری سواری سے چلا جاتا ہوں‘‘
’’ دس منٹ رک جائیں ،بس ٹرین پہنچنے والی ہے‘‘ سٹیشن ماسٹر نے بتایا
’’ کیا آپ کو وائرلیس پر پیغام ملا ہے کہ ٹرین آرہی ہے‘‘ مسافر نے پر امید ہوکر پوچھا ۔
’’ ہمارے پاس تو وائرلیس ہے ہی نہیں‘‘ سٹیشن ماسٹر نے جواب دیا ’’ بس ہمیں ایک نشانی نظر آگئی ہے کہ اب ٹرین پہنچنے والی ہے ‘‘ اس نے سرکھجاتے ہوئے وضاحت کی۔
’’ کیسی نشانی؟‘‘ مسافر نے حیران ہوکر پوچھا ۔
’’جو ٹرین آنے والی ہے دراصل اسکے گارڈ نے ایک کتا پالا ہوا ہے ۔جو ٹرین کے ساتھ ہی رہتا ہے۔‘‘ سٹیشن ماسٹر نے اشارہ کیا ’’ وہ دیکھیں کتاچلا آرہا ہے،اسکے پیچھے پیچھے ٹرین بھی آرہی ہوگی‘‘