پاکستانتازہ ترین

ایم ڈی پی ٹی وی تقرری کیس، پرویز رشید سے جواب طلب،رقم دینے والے واپسی کے ذمہ دار ہونگے،سپریم کورٹ

اسلام آباد(میڈیا 92نیوز) سپریم کورٹ نے ایم ڈی پی ٹی وی تقرری کیس میں سابق وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید اور وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔جمعہ کو چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے ایم ڈی پی ٹی وی عطا الحق قاسمی کی تقرری کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کی۔دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ عطا الحق قاسمی کو دو سال میں27کروڑ روپے دیئے گئے، پھر کہتے ہیں عدلیہ متحرک نہ ہو، کیا اس طرح کا پیکیج عطا الحق قاسمی کو دیا جا سکتا تھا، مجھے تو یہ سارا قصہ ہی ڈرامہ لگ رہا ہے، کیوں نہ سابق وزیراعظم کو سمری منظور کرنے پر نوٹس جاری کر دیں۔سیکرٹری اطلاعات احمد نواز سکھیرا نے دوران سماعت عدالت کے استفسار پر کہا کہ میرے خیال سے یہ تقرری مناسب نہیں تھی، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ عطا الحق قاسمی کی تقرری کو غیر قانونی کیوں نہیں کہتے۔ یہ غریبوں کے ٹیکس کا پیسہ تھا، رقم دینے اور لینے والے رقم واپسی کے ذمہ دار ہوں گے، ہم عطا الحق قاسمی سے وصول کریں گے۔عدالت نے سابق وفاقی وزیر پرویز رشید، وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد، عطا الحق قاسمی، صبا محسن اور سابق سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ندیم حسن آصف سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیے، آئندہ کیس کی سماعت12فروری کو ہوگی۔

Back to top button