پاکستانتازہ ترین

کراچی؛ آتشزدگی کے باعث نجی دفتر مکمل جل گیا، ایک شخص زخمی

کراچی:
نیوچالی کے قریب واقع عمارت میں دوسری منزل پر آتشزدگی کے باعث نجی دفتر مکمل جل گیا جبکہ ایک شخص نے پہلی منزل سے چھلانگ لگائی جس کے باعث وہ معمولی زخمی ہوا۔

تفصیلات کے مطابق میٹھادر تھانے کے علاقے نیوچالی کیمبل اسٹریٹ پلاٹ نمبر ایس آر 43/7 پر قائم نامکو سینٹر کی دوسری منزل پر واقعے نجی دفتر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی اور آتشزدگی کے باعث دھواں پوری عمارت میں پھیل گیا، آگ کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو ادارے موقع پر پہنچ گئے اور فوری طور پر فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 کے عملے کو طلب کر لیا گیا۔

آتشزدگی کے باعث عمارت کی پہلی منزل پر موجود ایک شخص نے چھلانگ لگا دی جس کے باعث وہ معمولی زخمی ہوگیا جسے فوری سول اسپتال منتقل کر دیا گیا، زخمی ہونے والا شخص پیشے کے لحاظ سے وکیل بتایا جاتا ہے۔

کے ایم سی کے فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر نجی دفتر میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کیا اور کچھ ہی دیر میں نجی دفتر میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا۔

انچارج سینٹرل فائر آفس ظفر احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آگ دوسری منزل پر بنے دفتر میں لگی تھی، بروقت پہنچ کر ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا گیا، عمارت میں ہنگامی اخراج کے راستے یا دھواں نکلنے کی جگہ نہیں ہے جو لوگ عمارت میں پھنسے تھے انہیں فوری نکال کر آگ پر قابو پایا گیا، کولنگ کا عمل کچھ دیر جاری رہے گا۔

انچارج سینٹرل فائر آفس کا کہنا تھا کہ آتشزدگی کے نتیجے میں ایک دفتر مکمل طور پر جل گیا ہے، فوری طور پر آگ لگنے کی وجوہات سامنے نہیں آسکی ہیں، آگ پر قابو پانے میں کے ایم سی فائرنگ کی 3 فائر ٹینڈر اور ریسکیو 1122 کی ٹیم نے حصہ لیا۔

Back to top button