پاکستانتازہ ترینصحت

لاہور آج پھر آلودہ ترین؛ سانس اور اعصابی بیماریاں بڑھنے لگیں، معمولاتِ زندگی شدید متاثر

صوبائی دارالحکومت آج پھر آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست ہے، جس کے سبب بیماریوں میں اضافہ اور معمولات زندگی شدید متاثر ہو چکے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور آج پھر پہلے نمبر پر ہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 1520 سے شروع ہو کر 780 تک ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ فضا گرد آلود ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

شہری غیر ضروری گھروں سے نہ نکلیں

طبی ذرائع کے مطابق اسموگ اور فضائی آلودگی کی وجہ سے سانس، دل کے امراض میں مبتلا اور کمزوراعصاب کے حامل افراد شدید متاثر ہو رہے ہیں ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری ہرممکن حد تک گھروں میں رہیں اور کھڑکیاں دروازے بند رکھیں ۔ انتہائی ضرورت کے وقت گھروں سے باہر نکلنے کی صورت میں عینک اور ماسک کا استعمال کریں ۔

تعلیمی ادارے و تفریحی مقامات بند

دریں اثنا حکومت پنجاب کی جانب سے صوبہ بھر میں اسکول و کالجز17 نومبر تک بند ہیں ۔ لاہور میں تفریحی مقامات اور پارکوں کو بھی 17 نومبر تک بند کیا کیا جا چکا ہے جب کہ لاہور شہر میں ہیوی ٹریفک کے لیے جمعہ ہفتہ اتوار بندش ہے، جس کی وجہ سے عام دنوں میں بھی ہیوی ٹریفک رات 12 بجے کے بعد شہر میں داخل ہورہی ہے۔

دفاتر میں حاضری کم

اسی طرح سرکاری سطح پر50 فیصد حاضری ہے اور باقی افراد سے آن لائن کام لیا جارہا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت عارضی نہیں مستقل بنیادوں پر اسموگ تدارک کے لیے حکمت عملی بنائے۔ تمام مارکیٹیں، شاپنگ مالز، پلازے رات 8 بجے بند کروانے پر مکمل عملدرآمد نہیں ہورہا جب کہ شہریوں میں ماسک پہننے کی پابندی بھی تاحال نہیں کی جا رہی۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شادی ہال ایس او پیز کے مطابق عمل کرتے ہوئے کھلیں گے ۔ ہوٹل رات 11 بجے تک انڈور کھولے جا سکتے ہیں۔

بارش کے امکانات

دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغرب سے آنے والے کم ہواؤں کے بادلوں کا سلسلہ پاکستان میں موجود ہے ۔ آج سے 16 نومبر تک پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارشوں کے امکانات ہیں ۔ ساتھ ہی بارش اور تیز ہواؤں کے چلنے سے آلودگی میں کمی آنے کے امکانات بھی ہیں۔

فضائی آپریشن متاثر

شدید دھند کے باعث لاہور ائیر پورٹ سے آنے اور جانے والی 20 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئیں۔ لاہور سے بیرون ملک جانے والی 10 سے زائد جب کہ اندرون ملک جانے والی ایک پرواز تاخیر کا شکار ہوئی۔ لاہور آنے والی 11سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں اور 2 منسوخ کردی گئیں۔

ٹرینوں کے شیڈول میں ردوبدل

شدید دھند اور اسموگ کی وجہ سے ٹرینوں کے شیڈول میں بھی رد و بدل کیا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے مسافروں اور ان کے ساتھ آنے والوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ریلوے حکام کے مطابق شدید دھند اور اسموگ کے باعث لاہور سے کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس 28-ڈاؤن کراچی کے لیے صبح 7 بج کر 30 منٹ کے بجائے 8 بج کر 30 منٹ پر لاہور سے روانہ ہوگی۔

اسی طرح قراقرم 42-ڈاؤن کراچی کے لیے سہ پہر 3 بجے کے بجائے شام 5 بج کر 45 منٹ پر لاہور سے روانہ ہوگی۔بزنس ایکسپریس 34-ڈاؤن کراچی کے لیے سہ پہر 4 بج کر 30 منٹ کے بجائے رات 8 بج کر 30 منٹ پر لاہور سے روانہ ہوگی۔ کراچی ایکسپریس 16-ڈاؤن کراچی کے لیے شام 6 بجے کے بجائے 7 بجے لاہور سے روانہ ہو گی۔

Back to top button